پاپ میوزک کے لیجنڈ اور دنیا بھر میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے مائیکل جیکسن کی ایک پرانی، استعمال شدہ اور داغدار جراب حال ہی میں ہزاروں ڈالرز میں نیلام ہو گئی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، 30 جولائی 2025 کو فرانس میں ہونے والی نیلامی میں مائیکل جیکسن کی پہنی ہوئی سفید جراب €7,688 (تقریباً $8,822 امریکی ڈالر) میں فروخت کی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں دو لاکھ پچاس ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔
یہ جراب نہ صرف سفید اور ایتھلیٹک نوعیت کی تھی بلکہ اس پر چمکدار نگینے بھی لگے ہوئے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس پر زردی، پسینے کے نشانات اور ڈریسنگ روم کی گردوغبار کے داغ نمودار ہو چکے تھے۔ مائیکل جیکسن نے یہ جراب 1997 میں فرانس کے شہر نیم (Nîmes) میں اپنے ایک کنسرٹ کے دوران پہنی تھی۔
نیلامی سے قبل اس جراب کی متوقع قیمت €3,000 سے €4,000 (یعنی $3,400 سے $4,500 امریکی ڈالر) کے درمیان لگائی گئی تھی، تاہم مداحوں اور نوادرات کے شوقین افراد کی بھرپور دلچسپی کی وجہ سے یہ قیمت دوگنی سے بھی زیادہ ہو گئی۔
یہ نایاب جراب ایک اسٹیج ٹیکنیشن کو جیکسن کے ڈریسنگ روم میں زمین پر پڑی ملی تھی، جو کہ HIStory ورلڈ ٹور کے بعد وہاں موجود تھی۔ چونکہ وہ ٹیکنیشن خود بھی مائیکل جیکسن کا مداح تھا، اس نے یہ جراب اپنے بیک اسٹیج پاس کے ساتھ برسوں تک سنبھال کر رکھی۔
نیلامی کے منتظمین نے اس جراب کو “غیر معمولی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مائیکل جیکسن کی عالمی شہرت اور ان کی یادگار اشیاء کی بے پناہ اہمیت کو ظاہر کرتی ہے، اور ان کے پرستاروں کے لیے ایک “ثقافتی علامت” کی حیثیت رکھتی ہے۔











