ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 122 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کے علاقے میں، باجوڑ سے تقریباً 102 کلومیٹر دور بتایا گیا ہے۔

زلزلے کے اثرات لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، چارسدہ، سوات (مینگورہ)، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان کے کئی حصوں اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول ہٹیاں بالا، جہلم ویلی اور چناری میں محسوس کیے گئے۔ اس دوران وفاقی دارالحکومت میں تیز بارش بھی جاری تھی، جس نے فضا کو مزید تشویشناک بنا دیا۔

غذر سمیت گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں کے علاوہ افغانستان اور تاجکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم زلزلے نے شہریوں میں گہری تشویش اور خوف کی فضا پیدا کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں