بھارت کو اسپورٹس ڈپلومیسی میں شکست، پاکستان ایشین باکسنگ بورڈ کا رکن منتخب

لاہور۔کھیلوں کے محاذ پر پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مات دے دی۔

اسپورٹس ڈپلومیسی کے میدان میں پاکستان نے بھارت کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشین باکسنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں نمائندگی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس اہم کامیابی میں پاکستان کے خالد محمود نے بھارت کے اجے سنگھ کو 9 کے مقابلے میں 18 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ انتخاب تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین باکسنگ کانگریس اجلاس کے دوران ہوا۔

خالد محمود، جو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں، کی اس کامیابی نے ایشیائی سطح پر پاکستان کی اسپورٹس قیادت پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ایشین باکسنگ بورڈ میں پاکستان کی شمولیت خطے میں باہمی تعاون کے نئے راستے کھولے گی۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر ٹنگ نے اس کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ کھیلوں کے بین الاقوامی منظرنامے میں پاکستان کا کردار مستحکم ہو رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خالد محمود کا بورڈ میں انتخاب نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کی عکاسی ہے بلکہ اسپورٹس ڈپلومیسی کی ایک بڑی فتح بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں