بالی ووڈ کے بادشاہ کہلانے والے اور تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک فلمی صنعت پر راج کرنے والے معروف اداکار شاہ رخ خان کو بالآخر ان کی شاندار اداکاری کے اعتراف میں بھارت کا سب سے معتبر فلمی اعزاز ’’نیشنل فلم ایوارڈ‘‘ عطا کر دیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی وہ بھارت کے صفِ اول کے اداکاروں میں شامل ہو گئے۔ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’چک دے انڈیا‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ سمیت کئی سپر ہٹ فلموں میں ان کی یادگار پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لیے۔ اگرچہ وہ کئی بین الاقوامی اعزازات اور معروف فلمی ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں، لیکن اب تک وہ نیشنل فلم ایوارڈ سے محروم رہے تھے۔
تاہم اب یہ دیرینہ انتظار ختم ہو چکا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ خان کو 2023 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ میں بہترین اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعلان یکم اگست کو ہونے والے بھارت کے 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے موقع پر کیا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ اعزاز شاہ رخ خان کو وکرانت میسی کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا ہے، جنہوں نے فلم ’بارہویں فیل‘ میں قابلِ ستائش اداکاری کا مظاہرہ کیا۔
اسی ایوارڈ تقریب میں مشہور اداکارہ رانی مکھرجی کو بھی فلم ’مسز چیٹرجی‘ میں عمدہ اداکاری پر نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔
شاہ رخ خان نے اس بڑی کامیابی پر انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے حکومتِ ہند اور اپنے مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ویڈیو میں ان کے چہرے پر مسرت اور فخر کے جذبات نمایاں تھے۔











