بنگلادیش کی اداکارہ اور معروف یوٹیوبر بھارت میں گرفتار

بنگلہ دیشی یوٹیوبر اور ماڈل شانتا پال کو کلکتہ میں جعلی بھارتی شناختی دستاویزات رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کلکتہ کے علاقے بکرم گڑھ میں ایک کرائے کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے اداکارہ کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران جعلی شناختی کارڈز تیار کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کا بھی سراغ ملا۔

پولیس کے مطابق 28 سالہ شانتا پال کے قبضے سے دو جعلی آدھار کارڈ، ایک جعلی ووٹر شناختی کارڈ، ایک راشن کارڈ اور ایک پین کارڈ برآمد ہوئے، جو سب مختلف پتے استعمال کر کے مغربی بنگال میں رجسٹر کیے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا ویزا ختم ہونے کے باوجود وہ بھارت میں خفیہ طور پر مقیم تھیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ 2023 میں کلکتہ پہنچی تھیں۔

پولیس کے مطابق شانتا پال نے ان جعلی دستاویزات کو مقامی افراد میں رچ بس جانے کے لیے بروکروں کے ایک مربوط نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کیا۔ ان کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس نے ان سے جائز ویزا طلب کیا، جو وہ فراہم نہ کر سکیں۔

بعد ازاں ان کی رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران پولیس کو جعلی بھارتی دستاویزات کے ساتھ ساتھ کئی بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور دیگر ذاتی شناختی کاغذات بھی برآمد ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں