بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا پر مقبول شہناز گل طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال میں داخل ہو گئی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت شہناز گل ممبئی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی بیماری کی اصل وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی طبی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
یہ اطلاع سب سے پہلے ان کے بھائی شہباز بدرشاہ نے دی، جنہوں نے ویڈیو کال کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں شہناز کو اسپتال کے بیڈ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی دوران حال ہی میں بگ باس سیزن 18 کے فاتح قرار پانے والے اداکار کرن ویر مہرا، شہناز کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ شہناز کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہناز گل اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی ہیں، ان کے ہاتھ پر ڈرِپ لگی ہے اور ہاتھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ شہناز گل نے “تھنک یو فار کمنگ” اور “کسی کا بھائی کسی کی جان” سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ دوسری جانب کرن ویر مہرا، بگ باس جیتنے کے بعد ہدایتکار اومنگ کمار کی فلم “سیلا” کی عکس بندی میں مصروف ہیں۔











