ناسا کے خلاباز نے زمین اور 3 کہکشاؤں کی ایک ساتھ تصویر شیئر کردی

ایک غیرمعمولی لمحے میں ناسا کے خلا باز ڈان پیٹیٹ نے ایک طویل مدتی ایکسپوژر کے ذریعے لی گئی تصویر شیئر کی ہے، جس میں زمین، اس کی روشنیاں، اور تین کہکشائیں ایک ہی فریم میں نظر آ رہی ہیں۔

اس تصویر میں زمین کے ساتھ ساتھ ملکی وے کہکشاں اور اس کی دو قریبی ساتھی کہکشائیں بھی شامل ہیں۔ مرکزی کہکشاں، یعنی ملکی وے، وسط میں نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

ملکی وے کے اوپر، دو دور افتادہ کہکشائیں دکھائی دے رہی ہیں، جو زمین کے جنوبی نصف کرے سے دیکھی جا سکتی ہیں، لیکن عام نظر سے نظر نہیں آتیں۔ یہ منظر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے لیا گیا ہے۔

تصویر کے نچلے حصے میں زمین پر موجود شہروں کی بجلی کی روشنیاں چمکتی دکھائی دیتی ہیں۔ اس منظر کا حصہ اسپیس ایکس کریو 9 ڈریگن کیپسول کا بیرونی ڈھانچہ بھی ہے۔

ڈان پیٹیٹ نے ایکس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:
“ایک ہی وقت میں تین کہکشائیں! میں نے ملکی وے اور دونوں میجیلانک کلاؤڈز کو اس ستاروں سے بھرے منظر میں عکس بند کیا ہے…”

یہ تصویر اسپیس ایکس کریو ڈریگن کی پورٹ ونڈو سے لی گئی تھی، جب پیٹیٹ ایکسپیڈیشن 72 کا حصہ تھے۔

یہ ایک ایسا لمحہ تھا جو انسانی آنکھ کے لیے ناقابلِ یقین تجربہ ہوتا، جہاں زمین اور تین مختلف کہکشاؤں کو ایک ہی فریم میں قید کیا جا سکتا ہے۔

پیٹیٹ، جو کہ ناسا کے سب سے سینئر خلا بازوں میں شمار ہوتے ہیں، خلائی فوٹوگرافی میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مختلف خلائی مشنز کے دوران بے شمار دلکش مناظر کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ خود بتایا تھا کہ خلا سے بادلوں، ستاروں اور کہکشاؤں کو دیکھنے کا الگ ہی لطف ہے، اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے ایک خود ساختہ ٹریکنگ ڈیوائس بنائی جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی مسلسل حرکت کے باوجود لانگ ایکسپوژر فوٹوگرافی کو ممکن بناتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں