اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے حالیہ دنوں میں اپنے سابق دوست اور معروف گلوکار عاصم اظہر کے میوزک کنسرٹ میں شرکت نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
عاصم اظہر اور ان کی سابق منگیتر میرب علی سے منسلک ماضی کے پس منظر کے باعث، ہانیہ کی کنسرٹ میں موجودگی اور منظر عام پر آنے والی تصاویر و ویڈیوز نے مداحوں کے درمیان دلچسپ تبصروں اور قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے، جن میں دونوں کے ممکنہ طور پر تعلقات کی بحالی پر بات کی جا رہی ہے۔
مختلف ویڈیوز میں ہانیہ عامر کو اپنے قریبی دوستوں کے ہمراہ اسٹیج کے بالکل سامنے پہلی قطار میں موجود دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ عاصم اظہر کے گانوں سے محظوظ ہوتی ہوئی رقص بھی کرتی نظر آئیں۔
اداکارہ سفید لباس اور چشمہ پہنے دکھائی دیں، اور خصوصاً عاصم کے مشہور گانے “ترستی ہیں نگاہیں” پر جھومتی ہوئی دکھائی دیں، جس لمحے نے شائقین کی خاص توجہ حاصل کی۔
یاد رہے کہ ماضی میں ہانیہ اور عاصم کو شوبز کی مقبول جوڑی تصور کیا جاتا تھا، تاہم 2020 میں دونوں نے اپنے تعلقات ختم کر دیے تھے۔ بعد ازاں عاصم اظہر کی میرب علی سے منگنی اور پھر علیحدگی کی خبریں بھی خبروں کی زینت بنیں۔
چند دن قبل ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو ایک برانڈ لانچ تقریب میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ایک بار پھر ان کے درمیان قربت کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔ تاہم، تاحال دونوں کی طرف سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔











