لاہور: پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرارالحق نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں ماضی میں بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم کی پیشکش ہوئی تھی۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران ابرارالحق سے پوچھا گیا کہ کیا اُنہیں کبھی پڑوسی ملک بھارت سے کام کی آفر ہوئی ہے؟ جس پر گلوکار نے کہا کہ مجھے بھارت سے کئی میوزک البمز کی پیشکش ہوئیں لیکن مجھے اُن کے کنٹریکٹ کی شرائط سمجھ نہیں آئیں۔
ابرارالحق نے کہا کہ کنٹریکٹ کی شرائط میں تھا کہ مجھے مقبوضہ کشمیر اور دیگر موضوعات پر کوئی بات نہیں کرنی جس کی وجہ سے میں نے بھارت سے ملنے والی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ بھارت جیسا ملک، جو آزادی اظہار پر یقین رکھتا ہو، اسے ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے۔
ابرارالحق نے کہا کہ مجھے بھارت کی معروف کمپنی نے فلم کی پیشکش بھی کی تھی، اُس فلم کی کاسٹ میں کترینہ کیف بھی شامل تھیں لیکن میں نے پیشکش قبول نہیں کی تھی۔