لاہور۔پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 سال گزر گئے۔
نازیہ حسن نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر کے موسیقی شائقین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ انہوں نے اپنی دلکش آواز اور منفرد طرزِ گائیکی کے ذریعے پاکستان میں پاپ میوزک کو متعارف کرایا، اسی لیے انہیں ملک میں پاپ گلوکاری کی بانی قرار دیا جاتا ہے۔
ان کے نغمے آج بھی سننے والوں میں مقبولیت رکھتے ہیں۔ وہ صرف ایک گلوکارہ نہیں تھیں بلکہ نوجوان خواتین کے لیے ایک رول ماڈل تھیں، جنہوں نے خواتین کو موسیقی کے میدان میں اپنی شناخت بنانے کی ہمت دی۔
ان کی یاد میں آج بھی مداح ان کے گیت سنتے اور ان کی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بےپناہ مقبولیت حاصل کر چکی تھیں۔
ان کے مشہور گانوں میں آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے، دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے اور بوم بوم سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔











