متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے میں 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستانی قیادت کے خصوصی پیغامات سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کے متحدہ عرب امارات میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اتحاد، یقین اور قربانی جیسے سنہری اصولوں کو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد قرار دیا اور ملک کی خوشحالی، امن و استحکام کے لیے دعا کی۔
حالیہ بیرونی جارحیت کے تناظر میں سفیر نے پاکستانی قوم کی جرات، استقامت اور اتحاد کو سراہتے ہوئے مارکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی کو تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں پاکستان کی قومی قوتِ ارادی اور پیشہ ورانہ مہارت کی عملی عکاس ہیں۔
پاکستانی سفیر نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے ان کی ملکی ترقی میں خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات سے پاکستان کو 7.9 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو ملک کی معیشت کے لیے ایک اہم سہارا ہیں۔











