کراچی؛ جنریٹر مارکیٹ میں گیس سلنڈر دھماکا، دو افراد جاں بحق

کراچی: نیوچالی شارع لیاقت کراچی چیمبر آف کامرس کے سامنے جنریٹر مارکیٹ کی دکان میں مبینہ طور پر گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دکان کے ملبے تلے دب کر دو افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گیس سلنڈر دھماکے کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، دھماکا انتہائی شدیت نوعیت کا تھا جس کے باعث دکان کا ملبہ کئی فٹ دور سڑک پر جا گرا، متاثرہ دکان سے متصل ایک اور دکان کی چھت بھی گر گئی۔
دھماکے کے فوری بعد شہریوں و دکانداروں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ دکان کے ملبے تلے دبے 4 افراد کو فوری نکال کر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فائربریگیڈ کے عملے اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے دھماکے کے بعد دکان میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دیں۔
امدادی کارروائیوں کے دوران دھماکے سے متاثر ہونے والی دکان کے ملبے سے ایک شخص کی لاش اور ایک زخمی کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا، دکان کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا شبہ ہے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں