اسلام آباد ۔ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے ٹاکرے کی وجہ سے اشتہارات کی قیمتیں ریکارڈ حد تک بڑھ گئیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران 10 سیکنڈ کا ٹی وی کمرشل پاکستانی 51 لاکھ روپے سے زیادہ میں فروخت ہو رہا ہے، جب کہ مکمل اشتہاری پیکج کی مالیت 14 کروڑ روپے سے اوپر جا پہنچی ہے۔
“کو پریزینٹنگ پارٹنرشپ” اور “کو پاورڈ پیکج” کی قیمت تقریباً 58 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کا نرخ 41 لاکھ روپے سے زائد ہے، جبکہ ڈیجیٹل اشتہارات کے تحت کو پریزینٹنگ اور ہائی لائٹس پارٹنر شپ 96 کروڑ روپے سے زیادہ میں دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق رائٹس ہولڈرز کو توقع ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں ناظرین کی تعداد نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور پاکستان و بھارت 14 ستمبر کو ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔











