اسلام آباد ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی جب کہ فیصل آباد عدالت سے سزا یافتہ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوزب، شیخ راشد شفیق سمیت 14 مجرمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ سمیت راولپنڈی ڈویژن کے تھانوں میں نو مئی کے درج 12 مقدمات کی سماعت کی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل پھر نا ہوسکا آئیندہ تاریخ تین ستمبر جیل ٹرائل کا حکم بھی جاری کر دیا۔
فیصل آباد عدالت سے سزا یافتہ 14 مجرمان پیش نا ہوئے ان کے وکلاء نے حاضری سے استثنی کی درخواستیں دائر کیں جو عدالت نے مسترد کرتے قرار دیا کے انہیں سزا ہوچکی حاضری معافی نہیں دی جاسکتی، انہیں پہلے سرنڈر کرنا ہوگا۔
ان 14 ملزمان میں عمر ایوب خان ، شبلی فراز ، شیخ راشد شفیق ، زرتاج گل ، کنول شوزب،رائے مرتضیٰ ،عظیم اللہ خان ،احمد چٹھہ،رائے حسن نواز، محمد جاوید ،شکیل نیازی ،چودہری آصف علی، اشرف خان اور چودہری بلال اعجاز شامل تھے۔











