لاہور۔پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے سی پی ایل فرنچائز سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبیئن پریمیئر لیگ کے باقی میچز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
انہیں افغانستان کے فاسٹ باؤلر فضل الحق فاروقی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جو قومی ٹیم میں شمولیت کے باعث ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ رہے ہیں۔
البتہ آج بارباڈوس رائلز کے خلاف میچ میں محمد رضوان کی شرکت کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز سی پی ایل میں شرکت کریں گے۔
رضوان کے ساتھ نسیم شاہ اور عباس آفریدی بھی سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ محمد رضوان کا دوسرا غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگ معاہدہ ہے۔ اس سے قبل وہ بگ بیش لیگ کے پندرہویں ایڈیشن کے لیے میلبرن رینیگیڈز سے منسلک ہوچکے ہیں۔











