انصاف کو عام کیا جائے، چاہتے ہیں ملک میں امن و سکون ہو: شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انصاف کو عام کیا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں امن و سکون ہو اور پاکستان ترقی کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج جج صاحب کی طبیعت خراب تھی، تاہم ہماری حاضری لگ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بھتیجے کو فیصل آباد میں 4 مقدمات میں 10، 10 سال کی سزا دی گئی ہے، حالانکہ وہ کبھی فیصل آباد گیا ہی نہیں۔ جرح کی اجازت تک نہیں دی گئی، کیس کا کوئی گواہ موجود نہیں اور تمام وکیل و گواہ سرکاری ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ انصاف کی دھجیاں بکھر گئی ہیں۔ جن غریب ورکرز کو سزائیں دی گئی ہیں، ان کے گھروں کی حالت دیکھی جائے، ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں اور نہ ہی بچوں کی فیس دینے کے پیسے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کو عام کیا جائے اور عوام کو سہولت دی جائے، یہی پاکستان کو آگے لے جائے گا۔ “ایسا انصاف نہ لایا جائے کہ لوگ آسمان کی طرف دیکھنا شروع کر دیں۔”

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیمز بنانے کی کئی بار کوشش کی گئی لیکن سندھ کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 16 سے 17 بار وزیر رہے اور ہر بار ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت نے پاکستان کے کسان کو تباہ کر دیا ہے، لہٰذا کسانوں کی حقیقی معنوں میں مدد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں