فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ بھاگیاشری نے حال ہی میں اپنے ساتھی اداکار سلمان خان کے ساتھ قریبی تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی کے موقع پر سلمان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے ہمالیہ داسانی سے شادی کا فیصلہ کیا تو اس وقت ان کے اہلِ خانہ میں سے کوئی موجود نہیں تھا، صرف سلمان خان ہی ان کے پاس کھڑے رہے۔
بھاگیاشری نے کہا: ’’وہ شادی کے بعد رخصت ہونے والے آخری فرد تھے، یہ لمحہ میرے لیے نہایت خوشگوار اور حیران کن تھا۔ سلمان شرارتی ضرور تھے لیکن بہت ہی محبت کرنے والے انسان بھی تھے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ سلمان ہمیشہ ان کے لیے ایک محافظ کی طرح رہے۔ ’’میرے نزدیک سلمان وہ شخصیت ہیں جو ہر وقت میرا سہارا بنے، ان کا رویہ بہت حفاظتی رہا۔‘‘
بھاگیاشری نے مزید کہا کہ سلمان خان نے جس درجے کی شہرت اور دیوانگی حاصل کی ہے، آج کے نئے اداکار اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ’’یہ مقبولیت بالکل ویسی ہی تھی جیسی راجیش کھنہ کے زمانے میں دیکھنے کو ملی تھی۔‘‘
خیال رہے کہ والدین کی مخالفت کے باعث بھاگیاشری نے ہمالیہ داسانی سے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی۔ سادہ اور محدود تقریب میں سلمان خان کی موجودگی ان کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوئی۔
شادی کے بعد اداکارہ نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کی اور گھریلو زندگی کو ترجیح دی۔ ان کے دو بچے، ابھیمنیو اور اوانتیکا، اب فلم انڈسٹری میں قدم رکھ چکے ہیں۔
بھاگیاشری ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ ریتیش دیشمکھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’راجا شیواجی‘ میں جلوہ گر ہوں گی، جس میں سنجے دت، جنیلیا دیشمکھ، ابھیشیک بچن اور فردین خان بھی شامل ہیں۔ یہ فلم یکم مئی 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔











