پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ خلائی صلاحیتوں، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز سے مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔
پاک فضائیہ کی جانب سے 7 ستمبر کو ملک بھر کی تمام ایئر بیسز پر یوم شہداء منایا گیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یوم شہداء کی مرکزی تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
دن کا آغاز 1965 اور 1971 کے معارکوں کے دوران شہادت کا مرتبہ حاصل کرنے والے ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے ہوا، جنہوں نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک اپنے فرائض کی انجام دہی میں لازوال قربانیاں پیش کیں۔
اپنے خطاب کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے ایثار، حوصلہ مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ذکر کرتے ہوئے ان اوصاف کو پاک فضائیہ کی میراث اور اسکی پہچان قرار دیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ یوم شہداء پاکستان کی مسلح افواج کی غیر معمولی بہادری، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال جذبہء ایثار و قربانی کی علامت ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ مکمل یکسوئی سے اپنے مشن کی انجام دہی کے لیے پرعزم ہے اور ہماوقت تغیر پزیر عالمی سلامتی کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہے۔
سربراہ کا فضائیہ نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بُنيانُ المّرصُوص کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے حاصل کردہ فتوحات کی ایک طویل فہرست نے ایک بار پھر یہ باور کروایا کہ ہم اپنی مکمل قوت ارادی اور عسکری صلاحیتوں کے ساتھ مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔











