اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے، نواز شریف

لاہور۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے۔

پیر کے روز ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اس موقع پر قونصل جنرل مہران موحد فر بھی موجود تھے۔

نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا معزز ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کا پر تپاک و پر خلوص خیرمقدم کیا جبکہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال اور پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پرلاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا، ایرانی صدر دوراندیش، معتبر اور دانا شخصیت کے مالک ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لیکر جانا چاہتے ہیں، اسرائیل کیخلاف جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدریاں ایران کے ساتھ تھیں، اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ایرانی صدر فسنجانی کے دور میں ایران کا پہلادورہ کیا اور تعلقات قائم کیے، ایران کے رہبر اعلیٰ کی شخصیت متاثر کن ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ایرانیوں کا علامہ اقبال کو اقبال لاہوری کہنااچھا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے، بد قسمتی سے سابقہ دور میں ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے مگر اب اچھا تعلقات چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں