نیتن یاہو نے فلسطینیوں کو فوری طور پر غزہ خالی کرنے کا حکم دے دیا

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ شہر کے مکینوں کو سخت لہجے میں متنبہ کیا ہے کہ وہ فوراً علاقے کو خالی کر دیں کیونکہ اسرائیلی افواج نے فلسطینی خطے میں اپنی فضائی اور زمینی کارروائیوں کی شدت بڑھا دی ہے۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ صرف دو دن میں ہم نے 50 دہشت گردی کے مراکز کو تباہ کیا ہے، اور یہ محض ابتدائی مرحلہ ہے۔ غزہ شہر میں زمینی آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔ میں مقامی باشندوں کو واضح طور پر کہتا ہوں کہ آپ کو وارننگ دی جا چکی ہے، اب فوری طور پر نکل جائیں۔

اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر شدید فضائی بمباری شروع کر دی ہے جسے انہوں نے “شدید طوفان” قرار دیا ہے، اور حماس کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کیا اور ہتھیار نہ پھینکے تو یہ علاقہ مکمل تباہی کے قریب پہنچ جائے گا۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاتز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ آج غزہ کے آسمانوں پر ایک سخت طوفان اٹھے گا اور دہشت گرد مراکز کی عمارتیں لرز اٹھیں گی۔

کاتز نے مزید کہا کہ یہ حماس کے قاتلوں اور جبر کرنے والوں کے لیے آخری انتباہ ہے: یرغمالیوں کو رہا کرو ورنہ غزہ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے ایک 12 منزلہ رہائشی بلاک کو نشانہ بنا کر ملبے کا ڈھیر بنا دیا تھا، جہاں بے گھر خاندان رہائش پذیر تھے۔ کارروائی سے تقریباً تین گھنٹے قبل فوج نے وہاں موجود افراد اور اطراف میں قائم ہزاروں خیموں کے باسیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔

فوج کے مطابق اس عمارت کو حماس اپنے جنگجوؤں کی منصوبہ بندی، جاسوسی اور حملوں کی تیاری کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں