اسلام آباد ۔پاکستان ،بھارت کے باسمتی چاول اگانے والے اہم علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے چاول کی فصل کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں باسمتی چاول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث بھارت کی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ، اور پاکستان کے پنجاب صوبے میں دریائے راوی، چناب، ستلج اور بیاس کی طغیانی نے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
برآمد کنندگان اور ماہرین کے مطابق، فصل کی کٹائی سے صرف چند ہفتے قبل یہ قدرتی آفت کسانوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
پاکستانی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں باسمتی چاول کی فصل کا تقریباً 20 فیصد نقصان ہوا ہے، جس سے مقامی اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے ۔
بھارت میں حالیہ دنوں میں چاول کی قیمت میں 50 ڈالر فی ٹن تک اضافہ ہوا ہے، اور اگر فصلوں کو مزید نقصان پہنچا تو یہ اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔











