اسلام آباد ۔ٹویوٹا کرولا کراس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب کمپنی نے 6 لاکھ روپے سے زائد کی خصوصی رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹویوٹا سوسائٹی موٹرز کے مطابق کرولا کراس کے تمام ویریئنٹس پر 6 لاکھ 14 ہزار روپے تک کی رعایت فراہم کی جارہی ہے، جس کا مقصد اس مشہور SUV کی مارکیٹ میں فروخت کو مزید بڑھانا ہے۔
اس سے قبل کمپنی نے خاموشی سے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 ہزار روپے سے زائد اضافہ کر دیا تھا، تاہم اب کرولا کراس کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔
کرولا کراس ہائبرڈ گاڑی ہے جس میں 1.8 لیٹر ہائبرڈ (HEV) اور 1.8 لیٹر پیٹرول (GAS) انجن آپشنز دستیاب ہیں۔ یہ کم ایندھن استعمال کرتی ہے اور شہری ڈرائیونگ کے لیے بہترین ہے۔ اس گاڑی میں ایئر بیگز، ABS، وہیکل اسٹیبلیٹی کنٹرول اور ہل اسٹارٹ اسسٹ جیسی حفاظتی خصوصیات بھی شامل ہیں۔
کرولا کراس 1.8L HEVX کی قیمت میں 5 لاکھ 14 ہزار روپے کمی کے بعد نئی قیمت 89 لاکھ 55 ہزار روپے مقرر ہوئی ہے۔ اسی طرح 1.8L HEV کی قیمت 90 لاکھ 19 ہزار سے کم ہو کر 85 لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی، یعنی 4 لاکھ 64 ہزار کی کمی کی گئی۔
کرولا کراس 1.8L GASX کی قیمت میں 5 لاکھ 64 ہزار کی کمی کے بعد نئی قیمت 79 لاکھ 55 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ 1.8L GAS ماڈل کی قیمت 6 لاکھ 14 ہزار کم کر کے 72 لاکھ 55 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔











