روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی

کراچی: کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر معمولی سستا ہو گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پیر کو ڈالر کی قدر میں 3 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 281.55 روپے سے گھٹ کر 281.52 روپے پر بند ہوئی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی غیر ملکی کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ ڈالر 5 پیسے کمی کے بعد 281.55 روپے میں دستیاب رہا، یورو 9 پیسے سستا ہوکر 334.80 روپے، اماراتی درہم 6 پیسے کمی سے 78.08 روپے جبکہ سعودی ریال 2 پیسے کم ہوکر 76.01 روپے پر آ گیا۔ تاہم برطانوی پاؤنڈ کے نرخوں میں 11 پیسے اضافہ دیکھا گیا اور وہ 387.55 روپے پر بند ہوا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث کاروبار مثبت رجحان کے ساتھ مکمل ہوا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 944 پوائنٹس بڑھ کر 155384 کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس نے بلند ترین سطح 155602 جبکہ کم ترین 154486 پوائنٹس کو چھوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں