اسلام آباد: ایشیا کپ تنازعے کے بعد پاکستان نے اپنی ہوم سیریز سے بھی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا ہے۔
آئندہ ماہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان شیڈول آل فارمیٹ سیریز میں اینڈی پائی کرافٹ کو میچ ریفری کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، تاہم پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کیا ہے کہ اس تعیناتی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاک-جنوبی افریقہ سیریز کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کی موجودگی مناسب نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم آئندہ ماہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔











