اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کم ٹیکس ادا کرنے والے اور ٹیکس نیٹ سے باہر رہ کر سوشل میڈیا پر اپنی دولت و عیاشی کی نمائش کرنے والے امیر افراد کے خلاف بڑا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی خصوصی سوشل میڈیا ٹیم نے ایسے ایک لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا جمع کر لیا ہے جو بڑے بنگلوں میں رہائش پذیر ہیں، مہنگی گاڑیوں اور قیمتی زیورات کی نمائش کرتے ہیں۔ ان افراد کی آمدنی اور اخراجات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شادیوں پر بھاری اخراجات کرنے والے بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے، بعض تقریبات میں 20 ہزار ڈالر مالیت کے سوٹ استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایسے افراد جنہوں نے اپنے انکم ٹیکس گوشواروں میں شاہانہ لائف اسٹائل ظاہر نہیں کیا وہ ٹیکس شکنجے میں آئیں گے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ برس جمع کرائے گئے گوشواروں کا موجودہ سال کے گوشواروں سے موازنہ کیا جائے گا اور مجموعی طور پر 80 فیصد ریٹرنز کا آڈٹ ہوگا۔ دولت کی نمائش کرنے والوں کو اپنے ٹیکس ریٹرنز میں ذرائع آمدن لازمی ظاہر کرنا ہوں گے۔
حکام کے مطابق جو لوگ سالانہ آمدن میں اضافہ ظاہر نہیں کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایف بی آر نے انتباہ کیا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں درست اور اپ ڈیٹڈ معلومات دینے والے افراد کو فی الحال کسی قسم کی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔











