پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران نئی بلندیاں

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس نے نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔

اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 3597 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد انڈیکس 2.30 فیصد بہتری کے ساتھ 1 لاکھ 58 ہزار 37 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 59 ہزار 337 پوائنٹس رہی۔

کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے ایک ہفتے میں 7.71 ارب شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جن کی مالیت 251 ارب روپے رہی۔ شیئرز کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں 385 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور پہلی بار یہ حجم بڑھ کر 18 ہزار 574 ارب روپے تک جا پہنچا۔

مارکیٹ رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث کاروباری تیزی برقرار رہی۔ تاہم معاشی اشاریے اس دوران ملے جلے رہے۔ اگست 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد اور سالانہ اعتبار سے 40 فیصد کمی ہوئی اور اگست 2025 میں سرمایہ کاری کا حجم 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک محدود رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں