13 سالہ لڑکا جہاز کے پہیوں میں چھپ کر افغانستان سے دہلی پہنچ گیا

نئی دہلی: افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا غیر معمولی اور خطرناک انداز میں دہلی پہنچ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں داخل ہوا اور افغان ایئرلائن KAM کی پرواز RQ-4401 کے لینڈنگ گیئر میں چھپ گیا۔

تقریباً دو گھنٹے کے فضائی سفر کے بعد جب جہاز دہلی ایئرپورٹ پر اترا تو عملے نے طیارے کے قریب ایک لڑکے کو گھومتے دیکھا اور فوراً سیکیورٹی کو اطلاع دی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ لڑکا افغانستان کے شہر قندوز کا رہائشی ہے۔

ابتدائی بیان میں کمسن نے بتایا کہ اس نے یہ خطرناک قدم صرف تجسس کی خاطر اٹھایا تھا۔ حکام کے مطابق لینڈنگ گیئر کا حصہ انتہائی مہلک ہوتا ہے جہاں آکسیجن کی کمی اور شدید سردی کے باعث زندہ بچنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے، تاہم لڑکا معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

سیکیورٹی حکام نے لڑکے کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے بعد اُسی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے واپس افغانستان بھیج دیا۔

ایئرلائن کی ٹیم نے معائنے کے دوران لینڈنگ گیئر میں سے ایک سرخ اسپیکر بھی برآمد کیا جو بظاہر لڑکے کا ذاتی سامان تھا۔ مکمل جانچ پڑتال کے بعد طیارے کو دوبارہ پرواز کے لیے کلیئر قرار دے دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں