سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے

ریاض: سعودی عرب کے گرینڈ مفتی، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ 1999 سے مملکت کے اعلیٰ مفتی کے منصب پر فائز تھے اور تقریباً ڈھائی دہائی تک اس اہم دینی و فقہی ذمہ داری کو نبھاتے رہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی، جبکہ شاہی فرمان کے تحت مکہ، مدینہ اور ملک بھر کی مساجد میں بھی نماز غائب کا اہتمام کیا جائے گا۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مفتی اعظم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، سعودی عوام اور پوری مسلم دنیا سے تعزیت کی ہے۔

شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے اپنی زندگی علمی اور فقہی خدمات کے لیے وقف کی۔ ان کے فتاویٰ اور دینی رہنمائی نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے معتبر حوالہ سمجھی جاتی تھی۔

پاکستان سمیت اسلامی دنیا کے مختلف ممالک میں ان کے انتقال پر تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں