پاکستان نے فخر زمان کے متنازع آؤٹ کی آئی سی سی سے شکایت کردی

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ سپر فور میچ کے دوران فخر زمان کو دیے گئے متنازع کیچ آؤٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔

ٹیم منیجر نوید چیمہ نے ابتدائی طور پر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا تاہم ریفری نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ بعد ازاں نوید چیمہ نے آئی سی سی کو ای میل کے ذریعے باقاعدہ شکایت بھیج دی۔

یاد رہے کہ فخر زمان کو آؤٹ دینے والے سری لنکن تھرڈ امپائر روچیرا پلیاگروگے پہلے بھی پاک بھارت میچ میں پاکستان کے خلاف تین غلط ایل بی ڈبلیو فیصلے دے چکے تھے جنہیں ریویو کے ذریعے واپس لیا گیا۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں اسی امپائر کو ٹی وی امپائر کے طور پر تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے فخر زمان کے کیچ پر انتہائی متنازع فیصلہ سنایا۔ ری پلے میں واضح طور پر نظر آیا کہ گیند زمین سے ٹکرا کر اٹھی تھی، تاہم اس کے باوجود آؤٹ قرار دیا گیا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی فیصلے میں شک ہو تو بیٹسمین کو ڈاؤٹ کا فائدہ دیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس اس میچ میں امپائر نے براہ راست بیٹسمین کے خلاف فیصلہ دیا جس پر سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس فیصلے پر کڑی تنقید کی جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بظاہر فخر زمان ناٹ آؤٹ لگ رہے تھے لیکن حتمی فیصلہ امپائر کا ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں