ممبئی: فلم ہوم باؤنڈ کے پریمیئر کے دوران سابقہ جوڑی ارجن کپور اور ملائیکہ اروڑا کی اچانک ملاقات نے تقریب کی ساری توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ دونوں کے درمیان سرد مہری اور ایک دوسرے کو نظرانداز کرنے کے مناظر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔
فلم میں ایشان کھتر، جھانوی کپور اور وِشال جیتھوا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں تاہم ریڈ کارپٹ پر سب کی نظریں ارجن اور ملائیکہ کے رویے پر مرکوز رہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ارجن کپور نیہا دھوپیا سے بات چیت کر رہے ہیں جبکہ بالکل پیچھے کھڑی ملائیکہ اروڑا ان کے قریب سے گزرتی ہیں لیکن بات کرنے کے بجائے سیدھی دوسری سمت چل دیتی ہیں۔ دونوں نے نہ ایک دوسرے کو سلام کیا اور نہ ہی نگاہیں ملائیں، گویا شعوری طور پر ایک دوسرے کو نظرانداز کیا گیا ہو۔ کچھ دیر بعد ملائیکہ تقریب سے خاموشی سے روانہ ہو گئیں۔
اس منظر نے سوشل میڈیا پر چہ میگوئیوں کو جنم دے دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ برسوں تک رشتے میں رہنے کے بعد دونوں کا اس قدر اجنبی رویہ حیران کن اور افسوسناک ہے۔











