کمار سانو کی سابقہ اہلیہ نے گلوکار پر سنگین الزامات عائد کردیئے

ممبئی: بھارتی گلوکار کمار سانو ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آگئے ہیں۔ ان کی سابقہ اہلیہ ریٹا بھٹاچاریہ نے حالیہ انٹرویو میں شادی کے دوران بدسلوکی اور ناانصافی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کمار سانو نے 1986 میں ریٹا سے شادی کی تھی اور دونوں کے تین بچے ہیں۔ تاہم 1994 میں اداکارہ کنیکا سدانند کے ساتھ تعلقات منظر عام پر آنے کے بعد ان کی شادی ختم ہوگئی اور بچوں کی کسٹڈی ریٹا کو مل گئی۔

ریٹا نے الزام لگایا کہ انہوں نے کمار سانو کے کیریئر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا مگر شہرت حاصل کرنے کے بعد گلوکار نے انہیں تنہا چھوڑ دیا۔ ان کے مطابق فلم عاشقی کی کامیابی کے بعد شوہر کا رویہ یکسر بدل گیا۔

ریٹا نے مزید کہا کہ ممبئی میں مشکل دنوں کے دوران مالی مشکلات کے باوجود وہ شوہر کے ساتھ کھڑی رہیں لیکن دوران حمل انہیں بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا، حتیٰ کہ کھانے پینے اور بچوں کی دیکھ بھال میں بھی رکاوٹیں ڈالی گئیں۔

سابقہ اہلیہ کے مطابق نہ صرف انہیں عدالتوں کے چکر لگانے پڑے بلکہ کمار سانو کے افیئر نے طلاق کی نوبت پیدا کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں