یروشلم/غزہ: غزہ کی طرف جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ برازیلی کارکن تھییاگو ایویلا کے مطابق فلیٹ کے قریب اب تک دس دھماکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی ڈرون مسلسل فضا میں منڈلا رہے ہیں اور کمیونیکیشن سسٹم جام کر دیا گیا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں تھییاگو ایویلا نے کہا کہ “ہم نے ابھی ابھی دسویں دھماکے کی آواز سنی، وہ اب بھی ہمارے امن مشن پر حملے کر رہے ہیں۔ چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیلز تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایسے آلات استعمال کیے جا رہے ہیں جو انسانوں کو زخمی اور کشتیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔”
ایویلا نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ انسانی مشن بین الاقوامی قوانین کے تحت محفوظ ہے لیکن اس کے باوجود اسے نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس لیے دنیا کو فوری طور پر ان حملوں پر توجہ دینی چاہیے۔
اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے مقبوضہ فلسطینی علاقے فرانچسکا البانیزے نے بھی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ صمود فلوٹیلا پر فوری بین الاقوامی توجہ اور تحفظ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختصر وقت میں فلیٹ پر کم از کم سات حملے کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کشتیوں پر ساؤنڈ بم اور دھماکہ خیز فلیئرز پھینکے گئے، مشتبہ کیمیکل کا اسپرے کیا گیا، ریڈیوز جام کر دیے گئے اور مدد کے لیے کی جانے والی کالز کو بھی بلاک کر دیا گیا۔
عالمی سطح پر انسانی حقوق کے کارکنوں نے ان حملوں کو شدید تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری فوری طور پر اس انسانی مشن کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔











