پاکستان کی پہلی رینج ایکسٹینڈڈ ہائبرڈ گاڑی SO5 کب متعارف ہوگی؟

اسلام آباد۔ماسٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ (ایم سی ایم ایل) نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں پاکستان کی پہلی رینج ایکسٹینڈڈ ہائبرڈ اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) دیپال SO5 متعارف کرانے جا رہا ہے۔ یہ گاڑی ایک بار چارج اور ایندھن کے امتزاج سے 1000 کلومیٹر سے زائد سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ یہ لانچ ملکی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک انقلابی سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق دیپال SO5 نہ صرف ڈرائیورز کی ’’رینج اینگزائٹی‘‘ ختم کرے گی بلکہ پاکستان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جدید الیکٹرک وہیکل فرسٹ ماڈل کے طور پر سامنے آئے گی۔

دیپال SO5 کو C-سیگمنٹ SUV کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے جسے ڈیزائن اور جدید ٹیکنالوجی کے لحاظ سے منفرد قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک ڈرائیو پر چلتی ہے جبکہ اس میں موجود سیلف چارجنگ جنریٹر طویل سفر کے دوران بیٹری کو دوبارہ ری چارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ شاندار ڈیزائن مشہور کار ڈیزائنر کلاوس زائسیورا نے تیار کیا ہے جو پہلے ووکس ویگن گروپ میں ہیڈ آف ڈیزائن رہ چکے ہیں۔ اسپیس کرافٹ سے متاثرہ فرنٹ ڈیزائن چوڑا اسٹانس فریم لیس ونڈوز اور ہڈن ڈور ہینڈلز اس SUV کو اپنی کلاس میں ممتاز بناتے ہیں۔ اسی ڈیزائن پر اسے عالمی سطح پر ایک مشہور ڈیزائن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

دیپال برانڈ عالمی منڈی میں پہلے ہی نمایاں کامیابیاں سمیٹ چکا ہے اور اب SO5 کو پاکستان میں جدید ترین SUV کے طور پر لانچ کرنے جا رہا ہے۔ گزشتہ برس کمپنی نے دیپال SO7 SUV اور دیپال LO7 سیڈان متعارف کر کے نئی انرجی وہیکلز (NEVs) کے شعبے میں اپنی پوزیشن مستحکم کی تھی۔

کمپنی نے تاحال دیپال SO5 کی مقامی قیمت کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم قیاس آرائیاں ہیں کہ اس گاڑی کی قیمت ممالک کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔ چین میں اس کی ابتدائی قیمت 119900 یوآن ہے یورپ میں تقریباً €38990 جبکہ امریکہ میں اس کی قیمت 15000 سے 18000 ڈالر کے درمیان متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں