’’ایک چارج میں 200 کلومیٹر‘‘: پاکستان میں بیٹری سے چلنے والے جدید جاپانی رکشے متعارف

اسلام آباد ۔جاپان کی معروف الیکٹرک وہیکل ساز کمپنی ٹیرا موٹرز نے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوتے ہوئے بیٹری سے چلنے والے جدید تھری وہیلر رکشے متعارف کرا دیے ہیں۔ اس نئی سواری کو کیورو کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کیورو نیکسٹ جنریشن الیکٹرک تھری وہیلر ہے جو ایک جانب مسافروں کے لیے آرام دہ اور کم لاگت سفر فراہم کرے گا جبکہ دوسری جانب لاسٹ مائل لاجسٹکس یعنی سامان کی ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

کمپنی کے مطابق کیورو کی زیادہ سے زیادہ رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ یہ فی چارج 200 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں نصب 11.7 کلوواٹ آور بیٹری طویل دورانیے تک کارآمد رہتی ہے اور صرف چار گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ دیا گیا ٹو اسپیڈ گیئر باکس دشوار گزار پہاڑی راستوں پر بھی آسان چڑھائی ممکن بناتا ہے۔ کم قیمت ہموار ڈرائیونگ اور تیز ایکسیلیریشن اس رکشے کو مارکیٹ میں منفرد بناتے ہیں۔

ٹیرا موٹرز کی بنیاد 2010 میں ٹوکیو میں تورو ٹوکوشیگے نے رکھی تھی۔ اس وقت کمپنی بھارت بنگلہ دیش ویتنام اور جاپان میں پروڈکشن فیسیلیٹیز چلا رہی ہے جبکہ نیپال تائیوان تھائی لینڈ اور متعدد جنوبی ایشیائی اور افریقی ممالک میں بھی اپنی موجودگی قائم کر چکی ہے۔

پاکستان میں انٹری کے حوالے سے کمپنی نے کہا ہے کہ یہ ان کا اہم مشن ہے اور وہ ملک میں کلین اینڈ گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے سنگل ڈسٹری بیوٹر پارٹنرز کی تلاش میں ہیں۔

ٹیرا موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر گو سوزوکی نے کہا کہ بطور جاپانی کمپنی انہیں یہ اعزاز ہے کہ وہ پاکستان میں جدید ای وی ٹیکنالوجی اور قابل اعتماد انجینئرنگ لا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان ایک اہم مارکیٹ ہے جہاں ایشیا میں پائیدار ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیورو کی لانچنگ نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ملک میں ایک صاف ستھرا اور مؤثر ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

کمپنی کے مطابق پاکستان میں ان کی موجودگی جاپان اور پاکستان کے درمیان معاشی و کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔ ساتھ ہی ٹیکنالوجی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا جبکہ مقامی انڈسٹری کو ویلیو ایڈیشن ہنرمندی میں بہتری اور نئی ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں