ممبئی:بالی ووڈ کے دبنگ اداکار اور مداحوں کے بجرنگی بھائی جان، سلمان خان نے حالیہ انٹرویو میں ایک انوکھا انکشاف کرکے سب کو حیران کر دیا۔
سلمان خان، جو عام طور پر شادی کے سوال پر ہمیشہ “نو کمنٹس” کہہ کر بات ٹال دیتے ہیں، اس بار بالکل مختلف اور چونکا دینے والا جواب دے بیٹھے۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ وہ اب بھی شادی کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں، تاہم والد بننے کے خیال کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شادی نہ بھی ہو تو بچوں کی خواہش ضرور پوری کی جا سکتی ہے۔
سلمان خان نے کھلے دل سے یہ بھی مانا کہ شادی نہ ہونے کی ذمہ داری کسی اور پر نہیں بلکہ خود ان پر عائد ہوتی ہے۔ ساتھ ہی اشارہ دیا کہ اب وہ محض “کنوارہ خان” نہیں رہنا چاہتے بلکہ مستقبل میں “ڈیڈی خان” کے طور پر بھی جانے جا سکتے ہیں۔
رشتوں کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے سلمان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ساتھی تیز رفتار ہو اور دوسرا پیچھے رہ جائے تو اسی جگہ سے تعلقات میں فاصلے پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق زندگی میں ساتھ ساتھ بڑھنا ضروری ہے، ورنہ رشتے بوجھ بن جاتے ہیں اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔











