کولمبو: ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی تاہم دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ اس بار نہیں ہوسکا۔
میگا ایونٹس میں عموماً فائنل سے قبل کپتان ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ کرتے ہیں، لیکن میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدگی کے باعث یہ روایت برقرار نہ رہ سکی۔
ٹورنامنٹ منتظمین کا کہنا ہے کہ آج فوٹو شوٹ نہیں ہوگا، البتہ کل میچ سے قبل اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے گروپ اور سپر فور مرحلے کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا تھا، جس کے بعد اب فائنل سے قبل فوٹو شوٹ منسوخی کو دونوں ممالک کے تناؤ سے جوڑا جا رہا ہے۔











