ممبئی: بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار سمیر انجام نے ایک پوڈکاسٹ میں ان دنوں کے جذباتی واقعات بیان کیے جب سپر اسٹار سلمان خان اداکارہ ایشوریا رائے سے علیحدگی کے صدمے سے دوچار تھے۔
سمیر انجام کے مطابق 2003 میں فلم تیرے نام کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اکثر مخصوص گانے سن کر رو پڑتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ستیش کوشک کی اس فلم میں سلمان خان نے ایک دل شکستہ عاشق کا کردار ادا کیا، اور ان کی اپنی ذاتی زندگی کا درد ان کے فن میں جھلکتا تھا۔
نغمہ نگار نے انکشاف کیا کہ فلم کا ٹائٹل گانا اگرچہ خاص طور پر سلمان خان کے لیے نہیں لکھا گیا تھا لیکن یہ ان کی اصل زندگی کی کہانی کی عکس بن گیا۔ شوٹنگ سے پہلے سلمان خان گلوکار ہمیش ریشمیا سے اکثر درخواست کرتے کہ وہ یہ گانا سنا دیں، جس کے بعد وہ جذبات میں بہہ کر آنسو بہاتے اور پھر اپنا سین ریکارڈ کرواتے۔
سمیر انجام کے مطابق گانے کے یہ بول “کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی” سلمان خان کے دل کو چھو جاتے تھے کیونکہ اس وقت وہ شدید جذباتی کرب سے گزر رہے تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کا تعلق 1999 میں فلم ہم دل دے چکے صنم کے دوران شروع ہوا اور 2002 میں ختم ہوگیا۔ بعد ازاں ایشوریا نے 2007 میں ابھیشیک بچن سے شادی کرلی جبکہ سلمان خان نے اب تک شادی نہیں کی۔
یاد رہے کہ سمیر انجام کا فلمی کیریئر تین دہائیوں پر محیط ہے۔ وہ چار ہزار سے زائد نغمے لکھ چکے ہیں اور بالی ووڈ کی موسیقی کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔











