بھارتی ٹیم جیت کے باوجود ٹرافی سے محروم

دبئی ۔ایشیا کپ کے فائنل کے بعد دبئی میں ہونے والی انعامی تقریب ایک بڑے تنازع کا شکار ہوگئی۔ بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر بھارتی ٹیم نے ٹرافی لینے سے انکار کیا جس کے باعث انعامی تقریب طویل عرصے تک رکی رہی۔ اس دوران محسن نقوی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور امپائرز گراؤنڈ پر موجود رہے۔

انفرادی ایوارڈز کے سلسلے میں بھارتی بلے باز تلک ورما اور شیوام دوبے نے اپنے اعزازات وصول کیے جبکہ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے۔

اختتامی تقریب کے دوران ٹرافی کو گراؤنڈ میں لایا گیا مگر بھارتی ٹیم کے انکار اور محسن نقوی کے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کی وجہ سے ٹرافی کو واپس بھیج دیا گیا اور پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کی تقریب بغیر ٹرافی تقسیم ختم کردی گئی۔

واضح رہے کہ یہ کرکٹ کی تاریخ کا ایک غیر معمولی اور افسوسناک لمحہ قرار دیا جا رہا ہے جسے ماہرین کھیل بھارتی حکومت کی انتہا پسندی اور جارحانہ رویے سے جوڑ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں