پاکستان نے 500 ملین ڈالر کے یوروبانڈ کی بروقت ادائیگی کردی

اسلام آباد — پاکستان نے 500 ملین ڈالر مالیت کے یوروبانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی جو 2015 میں 10 سالہ مدت کے لیے جاری کیا گیا تھا اور 30 ستمبر 2025 کو میچور ہوا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس ادائیگی سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان مالیاتی نظم و ضبط اور معیشت میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان معاشی دباؤ کے باوجود اپنی بیرونی قرضوں کی ذمہ داریاں پورا کرنے میں سنجیدہ ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ حالیہ مہینوں کے دوران بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر اور لیکویڈیٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے۔ ان عوامل کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور پاکستانی بانڈز پریمیم پر ٹریڈ ہوتے رہے ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق یوروبانڈ کی اس بروقت ادائیگی سے پاکستان کے کریڈٹ پروفائل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا اور ریٹنگ ایجنسیوں کے مؤقف کی بھی تائید ہوئی ہے کہ ملک کی بیرونی لیکویڈیٹی مینجمنٹ بہتر ہوئی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ اس پیشرفت کے بعد قریبی مدت میں ڈیفالٹ کے خدشات کم ہو گئے ہیں اور پاکستان کی مجموعی کریڈٹ ریٹنگ مزید مستحکم ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں