کراچی — وزڈن کرکٹ نے ایشیا کپ 2025 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ جاری کر دی جس میں کارکردگی کے اعتبار سے ناکام رہنے کے باوجود پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
ٹیم میں اوپنرز کے طور پر بھارت کے ابھیشیک شرما اور سری لنکا کے پاتھم نسانکا کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ صائم ایوب کو ون ڈاؤن پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔ صائم نے پورے ایونٹ میں صرف 37 رنز اسکور کیے، وہ بھی 5.28 کی کم اوسط کے ساتھ۔ حیران کن طور پر سات اننگز میں وہ چار بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
وزڈن نے صائم کی شمولیت کو “متنازع ترین فیصلہ” قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ سوال اٹھ سکتا ہے کہ کیا ایسے کھلاڑی کو ٹیم میں رکھا جا سکتا ہے جس نے رنز تو نہیں بنائے لیکن بولنگ میں نمایاں رہا۔ صائم نے سپر فور اور فائنل میں بھارت کے خلاف 35 رنز تو ضرور بنائے مگر اصل نمایاں کارکردگی ان کی بولنگ رہی جہاں انہوں نے شبمن گل، ابھیشیک شرما اور تلک ورما جیسے اہم کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔
وزڈن کے مطابق صائم کو ٹیم میں تیسرے اسپنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے رنز کو “بونس” کہا گیا۔ اس ٹیم میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔
الیون میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں بھارت کے تلک ورما اور سنجو سیمسن، افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی، بھارت کے اکشر پٹیل، سری لنکا کے ڈاسن شناکا، بھارت کے کلدیپ یادیو اور بنگلادیش کے مستفیض الرحمان شامل ہیں۔











