امریکا میں ایک محقق اور کمپوزر نے بلیوں کے لیے خصوصی طور پر ایسا میوزک تخلیق کیا ہے جو ان کے رویے اور سماعتی حس کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ سے وابستہ کمپوزر ڈیوڈ ٹائی نے یہ انوکھا پروجیکٹ “Music for Cats” کے نام سے شروع کیا۔ اس میں موسیقی کے ایسے عناصر شامل کیے گئے ہیں جو بلیوں کی فطری آوازوں جیسے مِیاو، غُرغُرانے اور دودھ پینے کی آواز سے مماثلت رکھتے ہیں۔
تحقیق کے دوران تجربہ بھی کیا گیا، جس میں پہلے ایک عام گلوکار کا گانا چلایا گیا تو بلیوں نے کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ تاہم جیسے ہی بلیوں کے لیے بنایا گیا مخصوص میوزک چلایا گیا تو وہ اسپیکر کے قریب آکر خوش کن حرکات کرنے لگیں، جن میں اسپیکر سے رگڑنا بھی شامل تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ تجربہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ مخصوص انداز میں بنائی گئی موسیقی جانوروں کے جذبات اور رویے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔











