جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے غیر اسپورٹس مین رویے پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ کھیل کو سیاسی معاملات سے ہر صورت الگ رکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی ٹرافی وصول کرنے کے موقع پر جس انداز میں پیش آئے، وہ کسی طور مناسب نہیں تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں ہونے والے واقعات دیکھ کر افسوس ہوا۔ کھیل کا اصل مقصد کھلاڑیوں اور شائقین کو جوڑنا ہے لیکن اس رویے نے کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق ایسی صورتحال نہ صرف کرکٹ بلکہ کھلاڑیوں کے لیے بھی مشکلات کھڑی کرتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاست کو کھیلوں سے علیحدہ رکھنا ضروری ہے تاکہ کھیل اپنی اصل روح کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، جبکہ فائنل میچ جیتنے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔











