چینی سائنس دانوں نے میگنیٹک فیلڈ کا نیا ریکارڈ بنا لیا

بیجنگ: چین کے ماہرین نے مکمل سپر کنڈکٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے 3 لاکھ 51 ہزار گوس (Gauss) کی مقناطیسی فیلڈ بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ سنگ میل سپر کنڈکٹنگ آلات کو عملی اور کمرشل سطح پر نئی جہت فراہم کرے گا، جس سے کئی جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ ملے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی فیوژن میگنیٹک سسٹمز، خلا میں الیکٹرومیگنیٹک پروپلشن، سپر کنڈکٹنگ انڈکشن ہیٹنگ، میگنیٹک لیویٹیشن ٹیکنالوجی اور موثر بجلی کی ترسیل جیسے شعبوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔

یہ ریکارڈ ساز مقناطیس چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹیٹیوٹ آف پلازما فزکس نے ہیفائی انٹرنیشنل اپلائیڈ سپرکنڈکٹویٹی سینٹر، ہیفائی کمپریہنسو نیشنل سائنس سینٹر اور سنگھوا یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ زمین خود بھی ایک بڑا مقناطیس ہے جو صرف 0.5 گوس کی جیومیگنیٹک فیلڈ پیدا کرتی ہے، لیکن چینی سائنسدانوں نے زمین کی فیلڈ سے 7 لاکھ گنا زیادہ طاقتور مقناطیسی فیلڈ بنا کر نہ صرف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ 3 لاکھ 23 ہزار 500 گوس کا سابقہ عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ماہرین کے مطابق سپر کنڈکٹنگ مقناطیس ایسے مٹیریلز سے تیار ہوتے ہیں جو بجلی کے بہاؤ میں مزاحمت نہیں کرتے اور انتہائی طاقتور مقناطیسی فیلڈ تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں