کولمبو میں بھارت کے خلاف جاری ویمنز ورلڈ کپ میچ کے دوران پاکستانی اوپنر منیبہ علی کے رن آؤٹ پر امپائرز کے متضاد فیصلے نے تنازع کھڑا کر دیا۔
منیبہ علی کو پہلے تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا، لیکن کچھ ہی لمحوں بعد فیصلہ بدل کر انہیں آؤٹ دے دیا گیا۔ اس اچانک تبدیلی پر پاکستانی ٹیم اور شائقین کرکٹ نے سخت حیرت اور برہمی کا اظہار کیا۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور فورَتھ امپائر کے سامنے باضابطہ مؤقف پیش کیا، جس کے باعث میچ کچھ وقت کے لیے رک بھی گیا۔ فیلڈ میں کھڑے امپائرز سے ان کی طویل گفت و شنید جاری رہی، جبکہ اگلی بلے باز سدرہ امین بھی میدان میں داخل ہونے سے پہلے فیصلے کی حتمی تصدیق کی منتظر رہیں۔
یہ فیصلہ عام طور پر درکار وقت سے کہیں زیادہ دیر بعد کنفرم کیا گیا جس کے نتیجے میں منیبہ علی صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ اس موقع پر پاکستان کا اسکور 6 رنز پر ایک کھلاڑی آؤٹ تھا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے بعد ازاں کہا کہ یہ فیصلہ غیر واضح تھا کیونکہ ری پلے میں کوئی ایسا ٹھوس ثبوت موجود نہیں تھا جس پر اعتماد کے ساتھ آؤٹ قرار دیا جا سکے۔











