دبئی نے جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور بڑی پیش رفت کرتے ہوئے اڑنے والی ٹیکسی کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی۔
اماراتی حکام کے مطابق یہ آزمائشی پرواز مرغم کے صحرائی علاقے سے شروع ہوئی اور المکتوم ایئرپورٹ پر بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔ یہ پرواز دبئی اور العین کے درمیان کی گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ الیکٹرک ائیر ٹیکسی 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس میں چار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہے اور روایتی ہوائی جہازوں کے مقابلے میں شور بہت کم پیدا کرتی ہے۔
اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2026 میں ائیر ٹیکسی سروس عوام کے لیے باضابطہ طور پر شروع کی جائے گی، جبکہ شہری علاقوں میں مزید تجرباتی پروازوں کا شیڈول بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں اسکائی پورٹس کمپنی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہلا ائیر ٹیکسی اسٹیشن قائم کر رہی ہے، جو مستقبل کی فضائی نقل و حمل کے نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔











