کراچی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں شالیمار ایکسپریس کے نئے ماڈل، کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپگریڈیشن اور جدید مسافر لاؤنجز و انتظار گاہوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن کی مرمت اور آرائش انتہائی معیاری انداز میں کی گئی ہے جبکہ شالیمار ایکسپریس کو بھی مکمل طور پر نئی شکل دے دی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسٹیشن پر مسافروں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں آرام دہ انتظار گاہیں، ڈائننگ ایریا اور خودکار ٹکٹنگ سسٹم شامل ہیں۔ ان کے مطابق کینٹ اسٹیشن کی بہتری پر جس انداز سے کام ہوا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شالیمار ایکسپریس کو آؤٹ سورسنگ کے ذریعے جدید معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، اس کی فرسٹ کلاس اور اکانومی دونوں نمایاں طور پر بہتر بنائی گئی ہیں اور یہ ٹرین اب مکمل طور پر نئے روپ میں سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے اور ریلوے اسٹیشن کی صفائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی حکام نے ان کا استقبال کیا۔











