ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹرعلی اردشیرلاریجانی نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور حالیہ واقعات میں افواج پاکستان کی بہادری اور کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جیت ہماری جیت ہے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹرعلی اردشیرلاریجانی نے ملاقات کی، صدر مملکت نے ڈاکٹر لاریجانی کا خیرمقدم کیا اور انہیں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کاچارج سنبھالنے پرمبارک باد دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان متواتر تبادلے دو طرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کی عکاسی کرتے ہیں، پڑوسی ممالک کے درمیان تعاون ضروری اور دونوں ممالک کے شہریوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے دیرینہ تعلقات ہیں، صدر نے بھارت کے ساتھ جنگ میں ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔











