تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جیل میں قید عمران خان سے متعلق پوسٹوں کی مبینہ طور پر محدود کی جانے والی رسائی کو فوری طور پر ختم کریں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’’دا ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ انہیں مضبوط شواہد کی بنیاد پر یقین ہے کہ ایکس کا الگورتھم عمران خان کی صحت، قید اور ان کے بچوں سے ملاقات سے متعلق پوسٹس کو دانستہ طور پر کم لوگوں تک پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام اور ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں بتایا کہ یہ معلومات انہیں گروک نامی مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کے ذریعے حاصل ہوئیں، جو ایلون مسک کی کمپنی نے تیار کیا ہے۔
جمائما کے مطابق گروک نے بتایا کہ جب وہ عمران خان کے حالات سے متعلق پوسٹ کرتی ہیں تو پلیٹ فارم کی رسائی اچانک کم ہو جاتی ہے۔ مزید یہ کہ پاکستانی حکام عمران خان کے قریبی حلقے کی آن لائن سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایکس مبینہ طور پر خاموش تعاون کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں اس کی سروس متاثر نہ ہو۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں اور پاکستان میں ان کے نام اور تصویر پر ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر پابندی عائد ہے، جس کے باعث ایکس ہی واحد پلیٹ فارم رہ گیا تھا جہاں اس صورتحال کو اجاگر کیا جا سکتا تھا۔











