شوبز سے جڑی یہ خبر زبان زد عام ہے کہ خوبصورت اور منجھی ہوئی اداکارہ سجل علی نئے آنے والے سال میں پھر سے رشتہ ازدواج میں بندھنے والی ہیں اور ان کا نام ایک اداکار کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔
ادکارہ سجل علی کی شادی 2020 میں ساتھی اداکار احد رضا میر سے ابوظہبی میں ہوئی تھی تاہم یہ شادی صرف دو سال ہی چل سکی تھی۔
تاحال جوڑے نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، یہ علیحدگی خاموشی سے ہوگئی جس کی بعد میں تصدیق بھی ہوئی۔
یہاں تک کہ اب سجل علی کی دوسری شادی کی خبریں گردش میں ہیں اور ان کا نام اس بار بھی ایک ساتھی اداکار کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔
وہ اداکار حمزہ سہیل ہیں۔ دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا اور دونوں کی کیمسٹری بھی شاندار ہے۔ یہی باتیں ان افواہوں کی بنیاد بنی ہے۔
علاوہ ازیں حالیہ پراجیکٹس، تقریبات اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے لیے نرم جملوں نے بھی مداحوں کو قیاس آرائی کا موقع دے دیا۔
سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ دونوں اداکار آنے والے نئے سال 2026 میں رشتۂ ازدواج میں بندھنے والے ہیں۔
ان خبروں پر حمزہ سہیل نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا البتہ سجل علی نے اس معاملے پر لب کشائی کرنا ضروری سمجھا ہے۔
اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ لوگو، پرسکون رہو۔ اگر میری زندگی سے متعلق کوئی خبر ہوگی تو میں خود سب کو بتاؤں گی۔ غیر تصدیق شدہ باتوں پر یقین نہ کریں۔
سجل کے اس مختصر مگر معنی خیز پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی شادی کی خبریں دم توڑتی نظر آ رہی ہیں، البتہ شوبز حلقوں میں بحث اب بھی جاری ہے۔











