پاکستان کی شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر سے متعلق اس سال شادی اور طلاق کی پیشگوئی کی گئی۔ ہانیہ عامر نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں نجومی کو ایسا جواب دیا کہ مداح ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔
ہانیہ عامر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انسٹاگرام سیلیبرٹی ہیں۔ 28 سالہ اداکارہ کو ان کے بے تکلف انداز، برجستہ مزاح اور سوشل میڈیا پر کھلے دل سے بات کرنے کی عادت کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مقامی ٹی وی چینل کی ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک نجومی ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں پیشگوئی کرتے دکھائی دیے۔ ویڈیو کے مطابق نجومی کا دعویٰ تھا کہ ہانیہ کے زائچے اور نجومی علامات کے تجزیے سے یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ انہیں 2026 میں طلاق کا سامنا کرنا پڑے گا، حالانکہ اداکارہ تاحال غیر شادی شدہ ہیں۔
یہ غیر معمولی پیشگوئی ہانیہ عامر کی نظر سے نہ بچ سکی۔ انہوں نے حسبِ معمول طنز و مزاح کا سہارا لیتے ہوئے ویڈیو پر تبصرہ کیا: ’’عجیب… پہلے شادی تو ہونے دو۔‘‘











